بھٹکل:15/جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل کے شہری حدود کی ترقی کےلئے ریاستی حکومت کی طرف سے 7.5کروڑ روپیوں کی امداد منظور ہوئی ہے۔ جس کو صحیح استعمال میں لانے کے لئےرکن اسمبلی منکال وئیدیا کل 16جنوری صبح 10بجے میونسپل حدود کے مختلف مقامات کا دور ہ کریں گے اور الگ الگ وارڈوں میں پائے جانے والے مسائل کاجائزہ لیں گے۔
سڑک، پینے کا پانی ، اندرونی نالیوں کی درستی وغیرہ کاموں کے لئے امدادی رقم کا استعمال کیا جائے گا۔ متعلقہ امدادی رقم کی تقسیم کاری اور استعمال کو لے کر ایک تفصیلی خاکہ (بلیو پرنٹ) تیار کرنے کی غرض سے رکن اسمبلی منکال وئیدیا بھٹکل بلدیہ کے تمام وارڈوں کا دورہ کررہے ہیں۔ جن مقامات پر ضروری کام ہونے ہیں ان کی ترجیحی بنیاد پر فہرست تیار کی جائے گی۔ رکن اسمبلی کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بلدیہ حدود کے تمام ممبران، عوام، تنظیموں اور اداروں کے عہدیداران سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رکن اسمبلی کے دورے کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں میں حاضر رہ کر اپنے مسائل ، صلاح ومشوروں سے نوازیں۔